پنجاب بھر کے نو تعلیمی بورڈز نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا بیک وقت اعلان کر دیا۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان بورڈز کے نتائج متعلقہ ویب سائٹس اور ایس ایم ایس سروس کے ذریعے طلبہ کے لیے دستیاب کر دیے گئے ہیں۔
لاہور بورڈ میں 2 لاکھ 82 ہزار 308 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے، جن میں سے ایک لاکھ 82 ہزار 186 کامیاب قرار پائے۔ اس طرح کامیابی کی مجموعی شرح 64 فیصد سے زائد رہی۔
راولپنڈی بورڈ کے مطابق ایک لاکھ 20 ہزار 411 طلبہ و طالبات نے امتحان دیا، جن میں 73 ہزار 829 امیدوار کامیاب ہوئے۔ مجموعی کامیابی کا تناسب 61.31 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ نتائج کے مطابق طالبات کی کامیابی کی شرح 70.18 فیصد رہی، جبکہ طلبہ کی کامیابی کا تناسب 51.99 فیصد رہا۔
ملتان بورڈ میں ایک لاکھ 33 ہزار 19 امیدواروں نے امتحانات میں حصہ لیا، جن میں 96 ہزار 638 طلبہ کامیاب ہوئے۔ بورڈ کے مطابق کامیابی کی مجموعی شرح 65.72 فیصد رہی۔
بہاولپور بورڈ کے سالانہ امتحانات میں 96 ہزار 245 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 63 ہزار 12 کامیاب قرار پائے اور کامیابی کا تناسب 65.47 فیصد رہا۔ گورنمنٹ عباسیہ ہائر سیکنڈری اسکول کے عبدالحسیب نے 1186 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ مزمل بلال 1184 نمبروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ جویریہ فاطمہ اور ایمان فاطمہ ملک نے 1183 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کے لیے نیا نصاب نافذ، نوٹیفکیشن جاری
بورڈ حکام نے بتایا کہ طلبہ اپنے نتائج متعلقہ بورڈز کی سرکاری ویب سائٹس یا ایس ایم ایس سروس کے ذریعے معلوم کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ لاہور بورڈ نے طلبہ کی رہنمائی اور معلومات کی فراہمی کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی BISE Lahore AI Chatbot بھی متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد تعلیمی خدمات کو مزید آسان، تیز اور مؤثر بنانا ہے۔
