اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی، تاہم بارش کی شدت کم ہونے کے بعد پانی کی سطح دوبارہ کم ہونا شروع ہو گئی۔
حکام کے مطابق اسلام آباد میں 52 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی میں 55 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث جڑواں شہروں کے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کے بعد نالہ لئی میں گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 9 فٹ تک پہنچ گئی، جس پر انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے صورتحال کی نگرانی شروع کر دی۔ متعلقہ اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل تیز کر دیا۔
واسا، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر ادارے فیلڈ میں متحرک رہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔
کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، موسم ابر آلود رہے گا
بعد ازاں بارش میں کمی آنے کے ساتھ نالہ لئی میں پانی کی سطح بھی کم ہو گئی۔ حکام کے مطابق گوالمنڈی اور کٹاریاں کے مقامات پر پانی کی سطح ساڑھے 9 فٹ سے کم ہو کر تقریباً 8 فٹ رہ گئی۔
انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر نالہ لئی کے اطراف جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
