ایک ٹیکنالوجی کمپنی نے ایسی منفرد ٹی شرٹ متعارف کرانے کا دعویٰ کیا ہے جسے روزانہ استعمال کے باوجود 30 دن تک بغیر دھوئے اور بغیر بدبو کے پہنا جا سکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس جدید ملبوسات کی تیاری میں روایتی طریقوں کے بجائے خصوصی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ٹی شرٹ کے ریشوں میں سات مخصوص اجزا شامل کیے گئے ہیں، جن میں تانبا، چاندی، زنک، سونا، آتش فشانی راکھ اور دو دیگر خفیہ اجزا شامل ہیں۔ ان مادوں کو صرف کپڑے کی سطح پر لگانے کے بجائے براہِ راست فائبر کا حصہ بنایا گیا ہے تاکہ ان کی کارکردگی زیادہ دیر تک برقرار رہے۔
کمپنی کے مطابق تانبا بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کی افزائش کو روکنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ زنک پسینے سے پیدا ہونے والے بعض بدبو دار مرکبات کو غیر مؤثر بناتا ہے۔ اسی طرح آتش فشانی راکھ نمی اور بیرونی بدبو کو جذب کرنے میں کردار ادا کرتی ہے، جس سے ٹی شرٹ زیادہ عرصے تک تازہ رہنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ بار بار دھلائی کی ضرورت نہ ہونے کے باعث ٹی شرٹ کی عمر عام کپڑوں کے مقابلے میں زیادہ ہو سکتی ہے۔ تاہم ماہرین اور صارفین کی جانب سے اس دعوے پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں، خصوصاً گرم موسم میں جہاں زیادہ پسینہ آنے کی وجہ سے کپڑوں میں بدبو پیدا ہونا معمول کی بات ہے۔
دنیا کا پہلا “حاملہ روبوٹ”: چینی ٹیکنالوجی کمپنی کا انوکھا منصوبہ توجہ کا مرکز
کمپنی نے اس نئی V5.0 Herc Tee کی قیمت 79 امریکی ڈالر مقرر کی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں یہ صرف سیاہ رنگ میں فروخت کی جائے گی، جبکہ بعد ازاں اسے نیوی بلیو، برگنڈی اور گہرے سبز رنگ میں بھی پیش کیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق اس کی ترسیل نومبر کے آغاز سے شروع ہونے کی توقع ہے۔
