اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور 45 نشستوں میں سے 23 پر کامیابی حاصل کرکے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔
وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات منعقد ہوئے اور عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شکست کے بعد دھاندلی کے الزامات لگائے، تاہم انتخابات شفاف انداز میں منعقد ہوئے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں عوامی مینڈیٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوگی اور کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔
آزاد کشمیر انتخابات: پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی حمایت کی، خواجہ آصف کا دعویٰ
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کے وژن کے مطابق آزاد کشمیر میں ترقی کا سفر شروع کیا جائے گا اور مالی، سیاسی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ انتخابات کے تیسرے مرحلے کی تکمیل کے فوراً بعد مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا، جس میں آئندہ کی حکمت عملی اور حکومت سازی سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔
