بنگلا دیش کی معزول وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد نے 16 دسمبر کو بھارت سے وطن واپس آنے کے ارادے کا اعلان کرتے ہوئے بنگلا دیشی حکومت سے سفر کے انتظامات اور ضروری دستاویزات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شیخ حسینہ کے ترجمان سید مزمل علی نے بتایا کہ سابق وزیراعظم 16 دسمبر کو ڈھاکا واپس جانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نئی دہلی سے ڈھاکا واپسی کے لیے قومی فضائی کمپنی بیمان بنگلا دیش ایئرلائنز کا طیارہ اور سفری دستاویزات فراہم کی جائیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ شیخ حسینہ کو 5 اگست 2024ء کو بنگلا دیشی طیارے کے ذریعے بھارت منتقل کیا گیا تھا، اس لیے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان کی واپسی بھی ممکن بنائے۔
بنگلا دیشی حکومت کا مؤقف
رائٹرز کے مطابق بنگلا دیشی حکومت کے ترجمان نے اس اعلان پر فوری ردِعمل نہیں دیا، تاہم ایک وزیر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ شیخ حسینہ کی وطن واپسی پر انہیں گرفتار کرکے جیل بھیجا جائے گا۔
بنگلا دیشی حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ شیخ حسینہ کو بھارت سے حوالگی کے قانونی طریقۂ کار کے تحت ہی واپس لایا جا سکتا ہے۔ ڈھاکا نے نئی دہلی سے ان کی حوالگی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
بنگلادیش نے شیخ حسینہ واجد کی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست مسترد کر دی، اہم بیان سامنے آ گیا
اگست 2024ء میں اقتدار چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں
واضح رہے کہ شیخ حسینہ اگست 2024ء میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والے احتجاج کے بعد اقتدار چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں۔ ان کی حکومت کے خلاف تحریک کے دوران ہونے والے کریک ڈاؤن میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئیں۔
بنگلا دیش کی عدالت نے نومبر 2025ء میں احتجاجی تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف کارروائی کے حکم دینے کے الزام میں شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ تاہم وہ ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہیں۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق احتجاجی تحریک کے دوران تقریباً 1,400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ماخذ: روزنامہ جنگ، رائٹرز
