اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اسے اخلاقی بے حسی قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ فوج کی قربانیوں کو صرف تنخواہ سے جوڑنا نہ تو مناسب ہے اور نہ ہی حقیقت پر مبنی مؤقف ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص محض تنخواہ کے لیے اپنی جان قربان نہیں کرتا، بلکہ ایسی قربانیاں نظریے، وطن سے وفاداری اور قومی ذمہ داری کے جذبے کے تحت دی جاتی ہیں۔
خواجہ آصف کے بیان پر رانا ثناء اللہ کی وضاحت، اپنائیت کا اظہار قرار دے دیا
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایسے وقت میں جب ملک کے سیکیورٹی اہلکار دہشت گردی کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، شہداء کی قربانیوں پر سوال اٹھانا مناسب طرزِ عمل نہیں۔
خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیوں کا احترام پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ان کی خدمات کو متنازع بنانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔
