اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا ہے کہ مستحق افراد کو ایل پی جی کی قیمتوں میں ریلیف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ڈیٹا کی بنیاد پر فراہم کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت سستی ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
ایک بیان میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کے حساب سے ایل پی جی کی فی کلو قیمت تقریباً 450 روپے بنتی ہے، تاہم بعض عناصر نے اس شعبے میں منافع خوری کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو سستی ایل پی جی فراہم کرنا چاہتی ہے اور اس مقصد کے لیے درآمد اور مقامی فراہمی کے طریقہ کار میں تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔
ایل پی جی کی درآمد مسابقت کی بنیاد پر کھولنے کا فیصلہ
علی پرویز ملک کے مطابق ایل پی جی کی درآمد کو مسابقت کی بنیاد پر کھولا جارہا ہے، جس کے تحت تمام کمپنیاں اپنی ویب سائٹس پر ایل پی جی کی قیمتیں ظاہر کریں گی۔
وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ مقامی ایل پی جی کی فراہمی بھی آکشن کے ذریعے کی جائے گی۔ ان اقدامات کا مقصد مارکیٹ میں مسابقت بڑھانا اور صارفین کو مناسب قیمت پر گیس کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ مستحق افراد کو بی آئی ایس پی کے ڈیٹا کی بنیاد پر ایل پی جی پر خصوصی ریلیف فراہم کیا جائے گا، تاکہ محدود آمدن والے گھرانوں کو گیس کی قیمتوں کے اثرات سے کچھ تحفظ مل سکے۔
ایل پی جی سستی نہ ہوسکی، کراچی میں 530 روپے فی کلو فروخت جاری
دسمبر اور جنوری میں گیس کی فراہمی برقرار رکھنے کی کوشش
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ دسمبر اور جنوری کے دوران ملک میں گیس کی فراہمی برقرار رکھی جائے۔ سردیوں میں گیس کی طلب بڑھنے کے پیش نظر حکومت اس حوالے سے اقدامات کررہی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑنے دیا جائے۔ ان کے مطابق حکومت عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید بتایا کہ ایل پی جی سے متعلق فیصلوں کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔
حکومتی اعلانات کے مطابق ایل پی جی کی قیمتوں میں استحکام، مارکیٹ میں مسابقت اور مستحق گھرانوں کو ریلیف فراہم کرنا ان اقدامات کے اہم مقاصد ہیں۔
