سینڈ پیپر اسکینڈل: عرفان پٹھان کا آسٹریلوی ٹیم کو بھارت آمد سے پہلے مشورہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارت کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ 2027ء کی بارڈر گواسکر ٹرافی کے لیے بھارت آمد پر اسے 2018ء کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

latest urdu news

عرفان پٹھان نے حال ہی میں خصوصی پروگرام ’’سینڈ پیپر گیٹ: دی اَن سیٹلڈ ڈیبیٹ‘‘ میں شرکت کے دوران اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بال ٹیمپرنگ کا تنازع دوبارہ زیرِ بحث آنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے دورۂ بھارت کے دوران اس حوالے سے سوالات اٹھائے جانے کا امکان ہے۔

نوجوان آسٹریلوی کھلاڑی بھی سوالات کی زد میں آ سکتے ہیں

سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ 2018ء کے واقعے میں شامل نہ ہونے والے نوجوان آسٹریلوی کھلاڑیوں کو بھی اس تنازع پر سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔

عرفان پٹھان نے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ ماضی کے واقعے پر بار بار وضاحتیں دینے کے بجائے خاموشی اختیار کریں اور اپنی توجہ کھیل پر مرکوز رکھیں۔ ان کے مطابق آٹھ سال پرانے واقعے کی تفصیلات پر مسلسل گفتگو کھلاڑیوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا اگر اس معاملے کی دوبارہ تحقیقات بھی کرے تو اس سے لوگوں کے ذہنوں میں موجود سوالات مکمل طور پر ختم نہیں ہوں گے۔ ان کے خیال میں یہ تنازع آئندہ 10، 20 یا 30 سال تک بھی زیرِ بحث رہ سکتا ہے۔

سینڈ پیپر کے استعمال سے پوری آسٹریلوی ٹیم آگاہ تھی، سابق فاسٹ بولر چیڈ سئیر کا انکشاف

ڈیوڈ وارنر پر بھی تنقید

عرفان پٹھان نے آسٹریلیا کے سابق نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنا مؤقف اسی وقت پیش کرنا چاہیے تھا جب 2018ء میں واقعہ پیش آیا اور ان پر پابندی عائد کی گئی۔

کیا تھا 2018ء کا سینڈ پیپر اسکینڈل؟

یاد رہے کہ 2018ء میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی کیمرون بینکرافٹ گیند کی حالت تبدیل کرنے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔

اس واقعے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک، ایک سال جبکہ کیمرون بینکرافٹ پر نو ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔

ماخذ: روزنامہ جنگ

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں