بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے کے سابق باڈی گارڈ کیتن کرانڈے نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں تقریباً 20 سال قبل اداکارہ کی حفاظت کے لیے تعینات کیا گیا تھا، تاکہ انہیں سلمان خان سے محفوظ رکھا جا سکے۔
کیتن کرانڈے نے ایک حالیہ گفتگو میں اپنے سابقہ فرائض اور اس دوران پیش آنے والے ایک واقعے کے بارے میں بتایا۔ ان کے مطابق وہ اس سے پہلے کسی کو نہیں بتاتے تھے کہ وہ ایشوریا رائے کے باڈی گارڈ رہ چکے ہیں۔
ایشوریا کی حفاظت کے لیے کیا ذمہ داریاں تھیں؟
کیتن کرانڈے کے مطابق ان کی ذمہ داری تھی کہ وہ ایشوریا رائے کو گھر سے لینے جائیں، ان کی گاڑی میں ان کے ساتھ سفر کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اداکارہ شوٹنگ کے بعد بحفاظت گھر پہنچ جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ذمہ داری انہیں تقریباً دو دہائیاں قبل سونپی گئی تھی اور اس کا مقصد اداکارہ کو سلمان خان سے محفوظ رکھنا تھا۔
فیشن شو میں سلمان خان سے سامنا
سابق باڈی گارڈ نے ایک فیشن شو کا واقعہ بھی بیان کیا، جس کا اہتمام فلم پروڈیوسر وکرم بھٹ نے کیا تھا۔ ان کے مطابق وہ اس تقریب میں ایشوریا رائے کے ساتھ موجود تھے، جہاں شو کے اختتام پر اداکارہ اور سلمان خان کا آمنا سامنا ہوگیا۔
کیتن کرانڈے کا کہنا تھا کہ اس صورت حال کو دیکھ کر وہاں موجود افراد خوف زدہ ہوگئے، تاہم انہوں نے اگلے ہی روز اپنی ملازمت چھوڑ دی۔
سلمان خان نے شردھا کپور سے معافی مانگ لی، وجہ بھی سامنے آگئی
ملازمت چھوڑنے کی وجہ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں خدشہ تھا کہ سلمان خان کے پاس پستول ہو سکتی ہے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی بتایا کہ باڈی بلڈنگ ان کے پیشہ ورانہ کیریئر میں رکاوٹ بن رہی تھی، جس کی وجہ سے بھی انہوں نے یہ کام چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
ایشوریا اور سلمان خان کے تعلقات کا پس منظر
واضح رہے کہ 2002 میں ایشوریا رائے فلم ’’کچھ نہ کہو‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں، جس کی ہدایت کاری روہن سپی نے کی تھی۔ فلم میں ابھیشیک بچن بھی شامل تھے۔
کاویری بامزئی نے اپنی کتاب ’’دی تھری خانز اینڈ دی ایمرجنس آف نیو انڈیا‘‘ میں لکھا ہے کہ سلمان خان اس بات کے سخت مخالف تھے کہ ایشوریا رائے ابھیشیک بچن کے ساتھ کام کریں۔
ماخذ: جیو نیوز
