آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر چیڈ سئیر نے 2018 کے دورہ جنوبی افریقا کے دوران پیش آنے والے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی سینڈ پیپر کے استعمال سے واقف تھے اور ڈریسنگ روم میں بھی اس معاملے پر گفتگو ہوتی تھی۔
چیڈ سئیر 2018 میں جنوبی افریقا کے دورے کے لیے آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ تھے۔ اسی دورے کے دوران انہوں نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا واحد ٹیسٹ میچ بھی کھیلا تھا۔
سابق فاسٹ بولر نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کی کمنٹری کے دوران اس متنازع واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ تسلیم کرنے میں کوئی جھجک نہیں کہ وہ اور ان کے ساتھی کھلاڑی سینڈ پیپر کے استعمال سے آگاہ تھے۔
دو ٹیسٹ میچز میں سینڈ پیپر استعمال کرنے کا دعویٰ
چیڈ سئیر کے مطابق سینڈ پیپر کا استعمال دو ٹیسٹ میچز کے دوران کیا گیا تھا اور اس حوالے سے ڈریسنگ روم میں بھی بات چیت ہوتی تھی۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی کھلاڑی کی حمایت یا مخالفت نہیں کر رہے بلکہ صرف ان واقعات کی وضاحت کر رہے ہیں جن سے وہ خود اس وقت واقف تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد تقریباً ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تک کھلاڑیوں کے درمیان اس بات پر گفتگو ہوتی رہی کہ اب اس صورتحال سے کیسے نمٹا جائے۔ تاہم اس وقت ٹیم کے ارکان کو اندازہ نہیں تھا کہ آسٹریلیا میں اس واقعے کو کس قدر سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ سے متعلق کیا بتایا؟
سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر نے دعویٰ کیا کہ سینڈ پیپر کے استعمال کا منصوبہ ٹیم میں سب کے علم میں تھا۔ ان کے مطابق ابتدا میں سینڈ پیپر ڈیوڈ وارنر کے حوالے کیا گیا اور بعد میں اسے بین کرافٹ کو دیا گیا۔
چیڈ سئیر نے یہ بھی بتایا کہ ایک مرتبہ فیلڈنگ کے دوران پانی کے وقفے پر واپس آنے کے بعد انہیں بھی سینڈ پیپر دیا گیا تاکہ وہ اسے اپنے ساتھ لے جائیں۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ بال ٹیمپرنگ کے معاملے کی تحقیقات کا حصہ نہیں تھے، البتہ ٹیم میں ہونے والی سرگرمیوں سے کھلاڑیوں کی لاعلمی کا تاثر درست نہیں۔
مائیک ہسی کی خدمات کے لیے آسٹریلیا اور انگلینڈ میں رسہ کشی
عثمان خواجہ کے انکشافات اور کھلاڑیوں کا ردعمل
2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق یہ پہلا موقع نہیں جب آسٹریلوی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے علم میں ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہو۔
سابق آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ نے بھی اپنی کتاب میں انکشاف کیا تھا کہ اس واقعے سے ٹیم کے بیشتر کھلاڑی آگاہ تھے۔
تاہم آسٹریلوی فاسٹ بولرز پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے عثمان خواجہ کے دعوے کو مسترد کیا تھا، جبکہ ڈیوڈ وارنر نے ان کے بیان کی تائید کی تھی۔
2018 کا کیپ ٹاؤن بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کیا تھا؟
مارچ 2018 میں جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑی بین کرافٹ کو گیند کی حالت تبدیل کرنے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے کیمرے کی آنکھ نے پکڑ لیا تھا۔
واقعے کی تحقیقات کے بعد آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ کے خلاف کارروائی کی تھی۔ اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر ایک ایک سال جبکہ بین کرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
اس اسکینڈل نے آسٹریلوی کرکٹ کو شدید تنقید کی زد میں لا دیا تھا اور ٹیم کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ چیڈ سئیر کے حالیہ بیان نے ایک بار پھر اس پرانے تنازع کو موضوعِ بحث بنا دیا ہے۔
