لاہور، مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کمی مہنگائی میں کمی کا باعث بنے گی، جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔
لاہور سے جاری اپنے بیان میں نواز شریف نے بجلی سستی ہونے پر قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت کی کاوشوں سے عام شہری کی زندگی میں بہتری آ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو چکے ہیں اور حکومت پسماندہ طبقے کو سہولت دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ مستقل مزاجی کے ساتھ کی جانے والی حکومتی کوششوں سے مہنگائی پر قابو پایا جا سکے گا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول اپنے نانا کی برسی پر بھی عمران خان اور پی ٹی آئی پر تنقید کرنے سے باز نہ آئے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان 2018 میں اقتدار میں آئے تھے، جبکہ دہشت گردی کا مسئلہ کئی دہائیوں سے موجود تھا، تاہم، عمران خان کی حکومت کے دوران دہشت گردی میں نمایاں کمی آئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول وفاق میں ایک جعلی حکومت کا حصہ ہیں اور دہشت گردی کے مسئلے میں بلاول کی سنجیدگی کا یہ حال ہے کہ وہ بطور وزیر خارجہ افغانستان کا دورہ کرنے کو تیار نہیں تھے۔
