وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے خبردار کیا ہے کہ اگر ملک میں پیٹرول کی قلت پیدا ہوگئی تو اس کی فی لیٹر قیمت 1000 روپے تک بھی پہنچ سکتی ہے، تاہم ان کے مطابق اس وقت ملک میں پیٹرول کی کوئی قلت نہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں پیٹرول کی دستیابی برقرار رہے اور عوام کو ایندھن کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ رہے ہیں۔
عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہونے کا حوالہ
وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ یورپ اور امریکا میں بھی تیل مہنگا ہوا ہے جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں تقریباً 80 فیصد اضافہ ہوا، تاہم پاکستان میں اس کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد اضافہ کیا گیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے عالمی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ملکی سطح پر قیمتوں کے اثرات کو محدود رکھنے کی کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمتوں کے معاملے پر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سردیوں میں عوام کو گیس کی قلت کا سامنا نہیں ہونے دیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر زیادہ قیمت پر بھی گیس درآمد کی جائے گی۔
تیل کی تلاش کے لیے کام شروع
وزیر پیٹرولیم کے مطابق ملک میں تیل کی مقامی پیداوار بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف کنوؤں پر کام شروع کردیا گیا ہے اور اکتوبر کے دوران تیل کی دریافت کے حوالے سے پیش رفت متوقع ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں ملکی وسائل سے استفادہ کرنے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
جماعت اسلامی کا پیٹرولیم لیوی کے خلاف کراچی سے اسلام آباد لانگ مارچ شروع
جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی پر تنقید
وفاقی وزیر نے جماعت اسلامی کے پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو درپیش چیلنجز سے جماعت اسلامی کے وفد کو بھی آگاہ کردیا گیا تھا۔ انہوں نے جماعت اسلامی سے عوام کو درپیش مشکلات پر سیاست نہ کرنے کی اپیل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ایک ہی دن میں 18 کروڑ روپے کے ٹوکن جاری کیے گئے۔ حکومت کی جانب سے ایندھن کے حوالے سے جاری ریلیف اقدامات کے تحت مستحق صارفین کو مخصوص مقدار میں پیٹرول پر مالی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ حالیہ حکومتی اعلان کے مطابق ہدفی فیول ریلیف اسکیم کی ماہانہ لاگت کا تخمینہ 25 سے 30 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
علی پرویز ملک نے پاکستان تحریک انصاف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے کہیں گے کہ حکومت کی مخالفت میں دوسروں کے بچوں کو ایندھن نہ بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد پر کسی کو چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
علیمہ خان کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار
وزیر پیٹرولیم نے علیمہ خان کی حراست سے متعلق سوال پر کہا کہ انہیں اس بارے میں علم نہیں۔
انہوں نے بلدیاتی نظام اور نئے انتظامی یونٹوں سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان موضوعات پر اسمبلی میں بحث کی جائے گی۔
حکومت کے مطابق اس وقت ملک میں پیٹرول کی سپلائی برقرار ہے، تاہم عالمی تیل منڈی میں اتار چڑھاؤ اور علاقائی صورتحال کے باعث ایندھن کی قیمتوں اور فراہمی پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔
