عوام کا پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا مطالبہ، مہنگائی پر شدید تشویش

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے پر شہری برہم، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ، حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ۔

لاہور: حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ شہریوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ مختلف علاقوں میں شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول مہنگا ہونے کا مطلب صرف ایندھن کی قیمت کا بڑھنا نہیں بلکہ روزمرہ استعمال کی تمام اشیاء، بالخصوص سبزیاں، دودھ، آٹا اور دیگر کھانے پینے کی چیزیں بھی مہنگی ہو جائیں گی، کیونکہ ان کی ترسیل براہ راست ایندھن پر منحصر ہے۔

latest urdu news

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات کا احساس کرے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے ریلیف دے۔ عوام کا کہنا ہے کہ پہلے ہی آٹے، چینی، دالوں اور گوشت کی قیمتوں نے کمر توڑ رکھی ہے، اب ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ غریب کی قوتِ خرید کو مزید کمزور کر دے گا۔

واضح رہے کہ حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 272 روپے 98 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح پٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر پندرہ روز بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت اور روپے کی قدر کے مطابق تبدیل کی جاتی ہیں۔ ماضی میں بھی ایسے اضافے عوامی مشکلات میں اضافے کا باعث بنتے رہے ہیں۔ معاشی ماہرین کے مطابق اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو مہنگائی کی موجودہ لہر مزید شدت اختیار کر سکتی ہے، جس کے اثرات براہِ راست عام شہری کی زندگی پر مرتب ہوں گے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter