پاکستان میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو آسان بنانے کے لیے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ملک کا پہلا انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کیوسک لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قائم کر دیا گیا ہے۔
اس جدید سہولت کا باقاعدہ افتتاح چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور، ڈاکٹر محمد اطہر وحید نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہری اب بیرونِ ملک روانگی سے قبل چند منٹوں میں اپنا انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق، اس لائسنس کی مدد سے پاکستانی شہری دنیا کے 132 ممالک میں گاڑی چلانے کے اہل ہوں گے، جو نہ صرف بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں بلکہ سیاحتی، تجارتی یا ملازمت کے مقاصد سے سفر کرنے والوں کے لیے بھی ایک بڑی سہولت ہے۔
یہ سہولت پاکستان کے کسی بھی ہوائی اڈے پر پہلی بار فراہم کی گئی ہے، جو ٹریفک پولیس لاہور کی ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ کی جانب ایک نمایاں قدم ہے۔
ایئرپورٹ پر موجود شہریوں نے بھی اس سہولت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دیگر بڑے شہروں کے ہوائی اڈوں پر بھی ایسے کیوسک قائم کیے جائیں گے۔