ماڈل جیل اسلام آباد کا دورہ، محسن نقوی نے منصوبہ مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر داخلہ محسن نقوی اور طلال چودھری کا ماڈل جیل کا دورہ، 14 سال سے زیر التوا منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل کی ڈیڈ لائن جاری۔

اسلام آباد، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 14 برس سے زیر التوا ماڈل جیل کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر دونوں وزرا نے زیرِ تعمیر جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کے ساتھ ساتھ تیزی لانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

latest urdu news

وزیر داخلہ نے پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کو رواں برس مکمل کرنے کی واضح ڈیڈ لائن دے دی اور حکام کو ہدایت کی کہ دن رات کام کر کے مقررہ وقت میں جیل کا پہلا مرحلہ ہر صورت مکمل کیا جائے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں ماڈل جیل میں 1500 قیدیوں کے لیے گنجائش رکھی گئی ہے، جبکہ مزید 90 دنوں میں دو بیرکس کی تعمیر مکمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ جیل میں 34 بستروں پر مشتمل ایک ہسپتال اور مرکزی کچن کی تعمیر کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ جیل میں اسٹاف کی تعیناتی کے لیے جامع پلان تیار کر کے پیش کیا جائے۔

ماڈل جیل اسلام آباد کی تعمیر کا منصوبہ 2011 میں شروع کیا گیا تھا، مگر مختلف انتظامی اور مالیاتی وجوہات کے باعث یہ منصوبہ مسلسل تعطل کا شکار رہا۔ اب حکومت کی جانب سے اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ دورے کے موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر، اے ڈی سی جی، سی ڈی اے حکام، کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ ماڈل جیل منصوبہ اسلام آباد میں قیدیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ناقص سہولیات کے باعث شروع کیا گیا تھا تاکہ انسانی حقوق کے مطابق قیدیوں کو بہتر ماحول اور طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ مگر گزشتہ چودہ سالوں میں منصوبہ متعدد مرتبہ فنڈز کی کمی، بیوروکریسی کی سستی اور حکومتی ترجیحات کی تبدیلی کے باعث تعطل کا شکار رہا ہے۔ اب موجودہ حکومت کی جانب سے اس منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter