بھارتی بیانیہ بے نقاب ہو چکا، پاکستان ہر چیلنج کا جواب دینے کیلئے تیار ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر دنیا کو اپنی عسکری صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ دکھایا، جبکہ مستقبل میں بھی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

latest urdu news

معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کی مسلح افواج قوم کی توقعات پر پوری اتریں اور ملٹی ڈومین وار میں کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک سال پہلے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا تھا اور دشمن آج تک یہ سمجھنے کی کوشش کر رہا ہے کہ آخر اس کے ساتھ ہوا کیا تھا۔ ان کے مطابق پاکستانی افواج ہر وقت تیار تھیں اور اب پہلے سے زیادہ مستعد ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی فوج کے ایک آپریشن کے نام پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کو چاہیے کہ وہ اپنے آپریشن کا کوئی “مردانہ نام” رکھے کیونکہ “سندور تو عورتیں لگاتی ہیں”۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے الزام عائد کیا کہ بھارت مسلسل پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات لگاتا رہا، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارتی سرپرستی موجود ہے اور عالمی برادری اب بھارت کے بیانیے کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں۔

معرکۂ حق میں بھارت کے 8 طیارے گرائے گئے، پاک فضائیہ کا دعویٰ

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان نے کئی اہم سوالات اٹھائے تھے جن کے جوابات آج تک نہیں دیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اب تک یہ ثابت نہیں کر سکا کہ واقعے میں کون ملوث تھا یا کن مبینہ دہشت گرد کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے کشمیر کو ایک بین الاقوامی تنازع قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو حقیقت تسلیم کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی سیاستدان اب سیاستدان کم اور جنگجو زیادہ دکھائی دیتے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران طارق غازی، جو پاک فضائیہ میں ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف پراجیکٹس کے عہدے پر فائز ہیں، نے کہا کہ پاک فضائیہ دشمن کی ہر سرگرمی پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھی اور تینوں افواج کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود تھی۔ ان کے مطابق بھارت آج بھی یہ سمجھنے کی کوشش کر رہا ہے کہ معرکۂ حق کے دوران اصل میں کیا ہوا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بھی اعلان کیا کہ 14 اگست کو ایک بڑی فوجی پریڈ منعقد کی جائے گی جس میں پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کی جھلک عوام کو دکھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں جو کچھ دنیا نے دیکھا وہ پاکستان کی مجموعی دفاعی طاقت کا صرف ایک محدود حصہ تھا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter