وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ان کی سکیورٹی واپس لے لی ہے، جبکہ ایلیٹ فورس کے اہلکار گزشتہ ڈیڑھ سال سے ان کے ساتھ سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
چوہدری سالک حسین نے اپنے بیان میں بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ان کی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ تاہم انہوں نے اس فیصلے کی وجوہات بیان نہیں کیں۔
مریم نواز سے متعلق بیان کی وضاحت
چوہدری سالک حسین سے سوال کیا گیا کہ کیا پنجاب میں کرپشن کے حوالے سے ان کے الزامات کا اشارہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب تھا؟ اس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے اپنے بیان میں مریم نواز کا نام نہیں لیا تھا۔
ان سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ ان کے بھائی شافع حسین، جو پنجاب کابینہ میں وزیر ہیں، کیا اس معاملے پر استعفیٰ دے رہے ہیں؟ چوہدری سالک حسین نے جواب دیا کہ شافع حسین کو ان کے بیان دینے کا علم نہیں تھا اور استعفے سے متعلق جواب بھی وہی دے سکتے ہیں۔
مریم نواز کی کابینہ کے وزرا کو کرپشن پر سخت وارننگ، بولیں کسی کو نہیں بخشوں گی
وزیراعلیٰ پنجاب کے لیگل نوٹس کا جواب تیار
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بھجوائے گئے قانونی نوٹس کا جواب تیار کر لیا گیا ہے، جو چند روز میں سامنے آجائے گا۔
یاد رہے کہ مریم نواز نے چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب میں کرپشن کے الزامات پر ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی وزیر کے پاس الزامات کے ثبوت موجود ہیں تو وہ سامنے لائیں، بصورت دیگر انہیں عدالت میں جواب دینا ہوگا۔
دوسری جانب چوہدری سالک حسین اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سچائی کے ساتھ جواب دیا ہے اور ان کے بیان کا تعلق صوبوں کے درمیان معاملات سے نہیں ہے۔
ماخذ: جیو نیوز
