سیالکوٹ، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اشتہارات ڈاکٹروں کے پیشے کو زیب نہیں دیتے۔
سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سارے شہر میں ڈاکٹروں کے اشتہار لگے ہیں، کسی دور میں پنجابی فلموں کے ایسے اشتہار لگے ہوتے تھے۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کے ہاتھ سے لوگوں کو شفا خود ایک اشتہار ہے، جس کے ہاتھ میں شفا ہو، اللہ نے یہ ہنر دیا ہو تو مریض خود آتے ہیں، ڈاکٹروں کا ایک اشتہار پڑھا تو شرم آئی، یہ اشتہارات کے ذریعے پروموشن ڈاکٹرز کے شایان شان نہیں، اشتہاروں کی ضرورت سیاست دانوں کو ہوتی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ حلف بس اٹھایا جاتا ہے اس کی پاسداری نہیں کی جاتی، سیالکوٹ میں اب کئی ہسپتال قائم ہو چکے ہیں، ان ہسپتال کے باوجود سہولیات کم پڑ جاتی ہیں، میرے والد نے سیالکوٹ میں ہسپتال تعمیر کروایا، اس شہر کی ضرورت کے مطابق صحت کی سہولیات کم ہیں۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد ائیرپورٹ کا نام تبدیل کرنے کی درخواست کردی گئی۔
گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر اسلام آباد ائیرپورٹ کا نام تبدیل کرکے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔