پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر گڈز ٹرانسپورٹ نے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا گزشتہ 4 روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 20 روپے اور پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے اضافہ کیا گیا ہے،اس سے قبل 20 اگست سے 7 ستمبر تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 23 روپے تک اضافہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔ 8 سے 17 اگست تک جاری ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پٹرولیم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بے اثر، جہلم میں گرانفروشی عروج پر
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی تھی،حکومت کی جانب سے کیے گئے معاہدوں پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال کریں گے،وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے معاملات کے حل کے لیے 40 دن کا وقت مانگا تھا، جو اگلے ہفتے ختم ہو رہا ہے۔
