پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی بے اثر، جہلم میں گرانفروشی عروج پر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

جہلم: حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ نمایاں کمی کے باوجود ضلع جہلم میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کوئی خاطر خواہ کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے باوجود مہنگائی بدستور عروج پر ہے اور اس کے ثمرات عام عوام تک منتقل نہیں ہو سکے۔

latest urdu news

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں گوشت، سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے خورد و نوش کی فروخت سرکاری نرخوں کے بجائے من مانے ریٹ پر کیے جانے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ شہریوں کے مطابق بعض دکاندار مبینہ طور پر خودساختہ قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جس سے عام آدمی شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے منافع خوری کے خاتمے اور عوام کو مہنگائی میں ریلیف فراہم کرنے کے وژن پر ضلع جہلم میں مؤثر انداز میں عملدرآمد ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ ان کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ انتظامی اداروں کی مبینہ غفلت کے باعث سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی نہیں بنایا جا سکا۔

سوہاوہ:گراں فروشی پر زیرو ٹالرینس، سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والی بیف شاپ سیل

شہری حلقوں کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد توقع تھی کہ ٹرانسپورٹ اخراجات میں کمی کے ساتھ روزمرہ استعمال کی اشیاء بھی سستی ہوں گی، تاہم عملی طور پر بازاروں میں قیمتیں بدستور بلند ہیں، جس کے باعث عام شہریوں کو کسی قسم کا ریلیف نہیں مل سکا۔

متاثرہ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، گرانفروشی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور عوام کو حقیقی معنوں میں مہنگائی سے ریلیف فراہم کیا جائے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter