پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلنے کی حکمت عملی اپنائی جائے گی، نوجوان کھلاڑی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر آرہے ہیں اور اچھی فارم میں ہیں۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹیم کے انتخاب، نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت اور اپنی کارکردگی سے متعلق مختلف سوالات کے جواب دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی موجودگی پر سوالات کیے جا رہے ہیں، تاہم انگلینڈ میں ہی یہ فیصلہ کر لیا گیا تھا کہ مستقبل کی تیاری کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔
بابر اعظم کے مطابق ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کی تعداد 7 سے 8 ہے اور ان کی شمولیت سوچ سمجھ کر کی گئی ہے۔ کھلاڑی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر قومی ٹیم میں آرہے ہیں اور فارم میں بھی ہیں۔
نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ
قومی ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں آنے والی تبدیلی سب کے سامنے ہے۔ ٹیم نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کے امتزاج کے ساتھ میدان میں اترے گی تاکہ تجربے اور نئے ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا ٹیم کے مستقبل کے لیے اہم ہے، جبکہ سینئر کھلاڑیوں کا تجربہ بھی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔
اپنی کارکردگی میں بہتری کی کوشش جاری ہے، بابر اعظم
بابر اعظم نے اپنی کارکردگی اور غلطیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی مکمل نہیں ہوتا اور بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی غلطیوں کا جائزہ لیتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ جتنا زیادہ کھیلیں گے، اتنا ہی اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کا موقع ملے گا۔ کرکٹ میں ہر روز ایک جیسی کارکردگی نہیں ہوتی، کبھی کھلاڑی اچھا پرفارم کرتا ہے اور کبھی توقعات کے مطابق نہیں کھیل پاتا۔
ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں انوکھا فیصلہ: پہلی بار چائے کا وقفہ کھانے سے پہلے ہو گا
ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ ہر میچ اور ہر سیریز ان کے لیے اہمیت رکھتی ہے اور وہ ہمیشہ ٹیم کو کامیابی دلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ جہاں ضرورت محسوس ہوتی ہے، وہاں سلیکٹرز کے سامنے اپنی رائے بھی رکھتے ہیں۔
شائقین کی توقعات کا احساس ہے
بابر اعظم نے کہا کہ بطور سینئر کھلاڑی وہ ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہیں معلوم ہے کہ شائقین ان کی پرفارمنس کے منتظر رہتے ہیں اور وہ ان کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے محنت جاری رکھیں گے۔
محمد یوسف سے متعلق سوال پر بابر اعظم نے انہیں پاکستان کا لیجنڈ اور بہترین کھلاڑی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاحال محمد یوسف سے ان کا رابطہ نہیں ہوا، تاہم اگر وہ رابطہ کریں گے تو ان سے ضرور سیکھیں گے۔
