راولپنڈی میں بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری کے بعد انہیں اسپتال سے ڈسچارج کرکے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
اڈیالہ جیل ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی شکایت کی تھی جس کے بعد انہیں گزشتہ روز راولپنڈی کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ وہاں ان کے ضروری طبی ٹیسٹ اور مکمل معائنہ کیا گیا، جس کے بعد ڈاکٹروں نے سرجری کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معائنے کے دوران دائیں آنکھ میں ریٹینا کے الگ ہونے (ریٹینل ڈیٹچمنٹ) کی تشخیص ہوئی، جس پر ماہر ڈاکٹروں نے فوری آپریشن کا مشورہ دیا۔ سرجری پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور ان کی ٹیم نے انجام دی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی 7 مقدمات میں ضمانتیں منظور
آپریشن کے بعد مریضہ کو ایک رات اسپتال میں زیرِ نگرانی رکھا گیا، جس کے بعد ان کی حالت بہتر ہونے پر انہیں ڈسچارج کرکے واپس اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق مزید علاج اور فالو اپ معائنہ شیڈول کے مطابق کیا جائے گا۔
دوسری جانب اطلاعات کے مطابق بشریٰ بی بی سے ان کی بیٹیوں اور بہن کی ملاقات بھی کرائی گئی، جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
