ابوظہبی: پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ یہ معاہدہ پاکستان-یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے 12ویں اجلاس کے اختتام پر طے پایا، جو 12 سال کے طویل وقفے کے بعد ابوظہبی میں منعقد ہوا۔
یہ اعلان پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے سرکاری ٹوئٹر (X) اکاؤنٹ کے ذریعے کیا۔ انہوں نے کہا:
"میرے بھائی عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید اور میں نے دونوں ممالک کے سفارتی و سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے باہمی ویزا استثنیٰ کے معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ معاہدہ گزشتہ شب بہت دیر گئے اس نتیجہ خیز اجلاس کے اختتام پر ہوا، جو 12 سال بعد ابوظہبی میں منعقد ہوا۔”
اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ اقدام دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعلقات، اعتماد اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ہماری مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ معاہدہ اعلیٰ سطحی سرکاری اہلکاروں اور وفود کی آمد و رفت کو سہل بنائے گا، جس سے نہ صرف دو طرفہ سفارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ اقتصادی، تجارتی اور سیاسی روابط کو بھی نئی جہت ملے گی۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات موجود ہیں، جنہیں اس قسم کے معاہدوں کے ذریعے مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔