امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جلد معاہدہ نہ کیا گیا تو ایران کو انتہائی سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو مذاکرات کا موقع دیا گیا تھا، بات چیت ایک مرحلے پر قریب پہنچی، مگر حتمی معاہدہ نہ ہو سکا۔ اب صورتحال بدل چکی ہے اور وقت ختم ہو رہا ہے۔
ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ ایران پر مزید بڑے پیمانے کے حملے کیے جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے کچھ سخت گیر عناصر جو بہادری سے بات کر رہے تھے، اب مارے جا چکے ہیں، اور اگلی کارروائیاں اس سے بھی زیادہ خطرناک ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا دنیا کے مہلک ترین ہتھیار تیار کرتا ہے اور اسرائیل ان کا ماہرانہ استعمال جانتا ہے۔ ٹرمپ نے کہا ایران کو اب بھی معاہدے کی طرف آنا چاہیے، اس سے پہلے کہ کچھ باقی نہ بچے
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی انتہا پر پہنچ چکی ہے، اور خطہ ممکنہ طور پر کھلی جنگ کے دہانے پر ہے۔ عالمی برادری اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ ایران کی جانب سے بھی سخت ردعمل کی توقع کی جا رہی ہے۔