لاہور: پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب میں ممکنہ پانی کے اضافے کے پیش نظر فلڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ آبپاشی کی جانب سے موصول ہونے والے مراسلے کے بعد متعلقہ اضلاع اور اداروں کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خبردار کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بھارت میں واقع سلال ڈیم کے سپل وے گیٹس 21 مئی کی صبح 9 بجے سے 30 مئی تک کھولے جائیں گے، جس کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح 2 سے 3 میٹر تک بلند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ مرالہ بیراج پر اچانک پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان موجود ہے، اسی لیے متعدد اضلاع میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔
بھارت نے سلال ڈیم کے دروازے کھول دئیے، دریائے چناب میں 8 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا متوقع
پی ڈی ایم اے کے مطابق گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
