لندن میں مقیم سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے عید الاضحیٰ کی نماز مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی، نماز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان اور امت مسلمہ کے لیے خیر و برکت، ترقی و خوشحالی کی دعائیں کیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ دن ایثار، قربانی، صبر اور شکر کا ہے،انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے اور ملک کے عوام کو خوشیاں، امن، سکون اور استحکام عطا فرمائے،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جن مشکلات سے گزر رہا ہے، اللہ انہیں آسانیوں میں بدل دے اور عوام کو بہتر مستقبل نصیب کرے۔
نواز شریف نے امتِ مسلمہ کو بھی عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ موقع ہمیں بھائی چارے، یکجہتی اور محبت کے پیغام کی یاد دہانی کراتا ہے، انہوں نے کہا کہ تمام عالم اسلام کے مسلمان اس مبارک دن پر دلوں کو صاف کریں، ایک دوسرے کے لیے خیر خواہی کا جذبہ رکھیں اور معاشرتی اتحاد کو مضبوط کریں۔
سابق وزیراعظم نے اس موقع پر اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ملک میں عوامی حکومت عوام کی خدمت جاری رکھے گی، مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل پر قابو پایا جائے گا اور آنے والے وقت میں پاکستان دنیا میں ایک مضبوط اور خوشحال ریاست کے طور پر ابھرے گا۔
یاد رہے کہ نواز شریف گزشتہ کچھ عرصے سے لندن میں مقیم ہیں اور سیاسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اہم مواقع پر ملکی حالات پر تبصرے بھی کرتے رہتے ہیں۔