بچوں کی آن لائن حفاظت کے حوالے سے عدالتی فیصلے میں میٹا کو 567 ملین ڈالر اضافی جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ بچوں کے تحفظ سے متعلق کمپنی کے خلاف سامنے آنے والے بڑے عدالتی اقدامات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست نیو میکسیکو کی ایک عدالت نے قرار دیا کہ میٹا بچوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے اور عوام کو ان خطرات سے مؤثر طور پر آگاہ کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث کمپنی کو مزید 567 ملین ڈالر ایک خصوصی فنڈ میں جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
عدالت کے جج بریان نے اپنے ریمارکس میں میٹا کو "عوامی سطح پر نقصان کا باعث” قرار دیتے ہوئے اس کا موازنہ فضائی آلودگی سے کیا۔ ان کے مطابق یہ فنڈ مستقبل میں بچوں کو لاحق ممکنہ نقصانات اور استحصال کے خطرات کم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
میٹا نے دنیا بھر میں کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس کیلئے سخت پابندیوں کا اطلاق کر دیا
عدالتی دستاویزات کے مطابق اس مقدمے میں میٹا کو پہلے ہی مجموعی طور پر 942 ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا جا چکا ہے۔ جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ کمپنی کے کاروباری ماڈل کے نتیجے میں بچوں کو نفسیاتی نقصان اور جنسی استحصال جیسے سنگین خطرات کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب میٹا نے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کمپنی اس عدالتی حکم کے خلاف اپیل دائر کرے گی۔ کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ عدالت کے فیصلے سے متفق نہیں اور قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔
