اسپتال کی چھت پر ’موت کے فرشتے‘ کا روپ دھار کر خوف پھیلانے والا شخص گرفتار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

برطانیہ کے علاقے ویلز میں ایک اسپتال کی چھت پر ’گریم ریپر‘ یعنی موت کے فرشتے کا لباس پہن کر چڑھنے والے 26 سالہ شخص کو گرفتار کر کے عدالت نے جرمانہ عائد کر دیا۔

latest urdu news

یہ واقعہ سینٹ آصف، ڈینبی شائر میں پیش آیا، جہاں ایک شخص سیاہ چغہ اور نقاب پہنے اسپتال کے مرکزی حصے کی چھت پر موجود تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق اس کے ہاتھ میں ایک لمبی دھار دار چیز بھی تھی، جسے دیکھ کر مریضوں، اسپتال کے عملے اور وہاں موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

اطلاع ملنے پر نارتھ ویلز پولیس اور فائر اینڈ ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچیں، جنہوں نے تقریباً 50 منٹ کی کارروائی کے بعد صورتحال پر قابو پالیا۔

پولیس نے ملزم کی شناخت لیون گلیسپی کے نام سے کی، جو ڈیگنوی کا رہائشی ہے۔ اسے اسپتال کی حدود میں بلا اجازت خوف و ہراس پھیلانے، طبی عملے کے کام میں خلل ڈالنے اور پولیس کی ہدایات پر عمل نہ کرنے کے الزامات میں گرفتار کیا گیا۔

عدالت میں ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا، جس کے بعد لینڈڈڈنو مجسٹریٹس کورٹ نے اسے مجموعی طور پر جرمانے اور دیگر عدالتی اخراجات ادا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے اسے 200 پاؤنڈ جرمانے کے علاوہ 50 پاؤنڈ ہرجانہ، 100 پاؤنڈ اضافی جرمانہ اور 100 پاؤنڈ عدالتی اخراجات ادا کرنے کی سزا سنائی۔

سماعت کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ لیون گلیسپی نے اس سے قبل دو دکانوں سے چوری کے واقعات کا اعتراف کیا تھا، جن میں بلیوں کی خوراک اور دیگر اشیا چوری کرنا بھی شامل تھا۔

اسپتال انتظامیہ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ طبی مراکز میں خوف و ہراس، بدسلوکی یا کسی بھی قسم کی ہنگامہ آرائی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے واقعات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ’گریم ریپر‘ مغربی ثقافت میں موت کی علامت سمجھی جانے والی ایک فرضی شخصیت ہے، جسے عموماً لمبے سیاہ لباس اور نقاب کے ساتھ دکھایا جاتا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter