پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید فلائٹ انفارمیشن ڈسپلے سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کے لیے بین الاقوامی سطح پر ٹینڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق منصوبے میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں سے 13 اگست تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں، جبکہ ٹینڈر میں حصہ لینے کے لیے 2 کروڑ روپے بطور بڈ سیکیورٹی جمع کرانا لازمی ہوگا۔
ذرائع کے مطابق تمام درخواستیں ایڈیشنل ڈائریکٹر لاجسٹکس کے دفتر میں جمع کرائی جائیں گی، جس کے بعد مقررہ طریقہ کار کے تحت کمپنیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر نصب موجودہ فلائٹ انفارمیشن ڈسپلے سسٹم اپنی مدت پوری کر چکا ہے، جسے جدید اور مؤثر نظام سے تبدیل کیا جائے گا تاکہ مسافروں کو پروازوں سے متعلق معلومات بروقت اور بہتر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔
