وزیراعظم شہباز شریف ایران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے لیے آذربائیجان کے شہر لاچین پہنچ گئے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
لاچین ،وزیراعظم پاکستان شہباز شریف ایران کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد آذربائیجان کے شہر لاچین پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے، وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
لاچین ایئرپورٹ پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ اور پاکستان کے سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورہ کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات بھی کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور، اقتصادی تعاون، توانائی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ ایران اور آذربائیجان کے ساتھ سفارتی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ایک کڑی ہے اور وہ دونوں ممالک کے سربراہان کے ساتھ اہم مذاکرات کے ذریعے خطے میں امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا آذربائیجان کا موجودہ دورہ ان کے جاری سفارتی مشن کا تسلسل ہے، جس کا آغاز انہوں نے اہم 6 روزہ غیر ملکی دورے پر 4 ممالک کے سفر سے کیا تھا، جہاں انہوں نے بین الاقوامی تعاون اور علاقائی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے اہم ملاقاتیں کیں۔