کرم میں امن کے قیام کے لیے علی امین گنڈاپور کے اقدامات مؤثر ثابت ہو رہے ہیں ، بیرسٹر سیف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

پشاور، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں کرم میں قیامِ امن کے لیے کیے گئے اقدامات مثبت نتائج دے رہے ہیں۔

بیرسٹر سیف نے بتایا کہ علاقے میں راستوں کو مزید محفوظ بنانے کے لیے فریقین کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے، جو کہ کوہاٹ امن جرگے کے بڑے معاہدے کا ایک ذیلی حصہ ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس معاہدے کا بنیادی مقصد ٹل-پاراچنار شاہراہ کو محفوظ بنانا ہے، جبکہ صوبائی حکومت صدیوں پرانے تنازع کے مستقل حل کی جانب تیزی سے پیش رفت کر رہی ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف کے مطابق، کوہاٹ امن معاہدے کے تحت کرم کو بنکرز اور اسلحے سے پاک کرنے کا عمل جاری ہے، اور اب تک دونوں فریقین کے تقریباً 900 بنکرز مسمار کیے جا چکے ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ بنکرز کے خاتمے کے بعد اسلحہ جمع کرانے کا مرحلہ شروع کیا جائے گا، کیونکہ کرم میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اسلحے کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور خود اس تمام عمل کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ دیرپا امن یقینی بنایا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter