نوابشاہ، صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے رہنماؤں اور کارکنوں سے بلاول ہاؤس نوابشاہ میں ملاقات کی۔
اس موقع پر ممبر سندھ اسمبلی اور پیپلز پارٹی ویمن ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس دوران عوامی فلاحی اقدامات اور درپیش چیلنجز پر بھی گفتگو ہوئی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے حکومتی نمائندوں کو ہدایت کی کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید میجر سعد بن زبیر کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی باغ، آزاد کشمیر میں شہید میجر سعد بن زبیر کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے شہید کے والد محمد زبیر خان، والدہ، بھائی اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کی اور جوان بیٹے کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
