تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایک امریکی ڈرون کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔
آئی آر جی سی کے مطابق امریکی فوج کا ایم کیو ون پریڈیٹر ڈرون اتوار کی صبح خلیج فارس کے علاقے میں ایرانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا، جسے دفاعی یونٹس نے فوری طور پر شناخت کر لیا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ڈرون مبینہ طور پر ایک کارروائی کی تیاری میں تھا، تاہم اسے کسی بھی ممکنہ اقدام سے قبل ہی مار گرایا گیا۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق ڈرون کو جدید زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ تباہ ہو گیا۔ پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ ملکی فضائی حدود اور علاقائی پانیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ایران جنگ میں امریکی فضائی نقصان کا انکشاف، کانگریس رکن کے دعوؤں نے نئی بحث چھیڑ دی
آئی آر جی سی ایئر ڈیفنس کمانڈ نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ ایران کی خودمختاری اور سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والی کسی بھی کارروائی کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ایرانی فوجی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حالیہ علاقائی کشیدگی اور جنگی صورتحال کے دوران ایران دشمن کے 210 سے زائد طیاروں اور فضائی اہداف کو تباہ کر چکا ہے۔ حکام کے مطابق ملکی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔
