دبئی پولیس نے پیدل چلنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ مقررہ کراسنگ کے بجائے غیر محفوظ مقام سے سڑک پار کرنے پر 400 درہم جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ حکام نے شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی حفاظت کے لیے سڑک پار کرنے کے مقررہ راستے استعمال کریں۔
سڑک پار کرنے پر 400 درہم جرمانہ
دبئی پولیس کے مطابق وفاقی ٹریفک قانون کے آرٹیکل 89 کے تحت پیدل چلنے والوں کو مقررہ کراسنگ کے علاوہ کسی دوسری جگہ سے سڑک پار کرنے پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اس خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم 400 درہم بتائی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سڑک پار کرتے وقت احتیاط نہ صرف پیدل چلنے والوں کی اپنی جان کے تحفظ کے لیے ضروری ہے بلکہ اس سے ٹریفک حادثات کے خطرات بھی کم کیے جاسکتے ہیں۔
پیدل چلنے والوں کے لیے پولیس کی ہدایات
جنرل ڈیپارٹمنٹ آف پولیس اسٹیشنز کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر ماجد سلطان السویدی نے پیدل چلنے والوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سڑک پار کرنے کے لیے صرف مقررہ کراسنگ استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ سڑک پار کرنے سے پہلے اطمینان کرلیں کہ کوئی گاڑی قریب نہیں آرہی۔ اس کے علاوہ چوراہوں پر پیدل چلنے والوں کے لیے نصب ٹریفک سگنلز کی پابندی کرنا بھی ضروری ہے۔
دبئی پولیس نے 3 سالہ بچی کا خواب پورا کر دیا، ’ننھی پولیس افسر‘ بن کر لگژری پٹرولنگ گاڑی میں سیر
پولیس نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل کرکے پیدل چلنے والے خود کو اور دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کو ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔
ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم
دبئی پولیس نے پیدل چلنے والوں کے تحفظ، سڑکوں پر ذمہ دارانہ رویے کو فروغ دینے اور ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے لیے خصوصی آگاہی مہم شروع کی ہے۔
اس مہم کے تحت ڈرائیوروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گاڑی چلاتے ہوئے رفتار کم رکھیں اور سڑک پار کرنے والے پیدل افراد کو راستہ دیں۔
حکام کے مطابق سڑکوں پر محفوظ ماحول قائم کرنے کے لیے ڈرائیوروں اور پیدل چلنے والوں، دونوں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا اور ٹریفک قوانین کی پابندی کرنا ہوگی۔
