سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے شاداب خان کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ ہدف کے تعاقب میں ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باوجود شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا اور اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری بھی مکمل کی۔
انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47ویں اوور میں 241 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان نے 48ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان 113 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جبکہ حارث رؤف نے آخری وکٹ پر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ، انگلینڈ کی ابتدائی وکٹیں گر گئیں
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتدا میں درست ثابت ہوا۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر ٹام بینٹن کو 4 رنز پر آؤٹ کردیا۔ تیسرے اوور میں انہوں نے جو روٹ کو 5 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا، جبکہ پانچویں اوور میں ہیری بروک رن آؤٹ ہوگئے۔
حارث رؤف نے بھی انگلینڈ کو ایک اور نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں مہمان ٹیم کے 52 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔
تاہم انگلینڈ کے اوپنر بین ڈکٹ نے مزاحمت جاری رکھی اور 105 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ سیم کرن نے 42 اور گس ایٹکنسن نے 36 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی 150 وکٹیں بھی مکمل کیں۔ رضا اللہ اور عرفات منہاس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
View this post on Instagram
پاکستان کی بیٹنگ مشکلات کا شکار
242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابتدائی بلے باز جلد پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان 10، صائم ایوب 6 اور بابر اعظم بھی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد سعد بیگ نے 32 اور سلمان آغا نے 26 رنز بنائے، جبکہ حسن نواز 15 رنز بنا سکے۔ مسلسل وکٹیں گرنے سے پاکستان کی پوزیشن مشکل ہوگئی اور میچ میں انگلینڈ کی گرفت مضبوط دکھائی دینے لگی۔
سہ ملکی ون ڈے سیریز: انگلینڈ کے خلاف پاکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام
شاداب خان کی سنچری نے میچ کا نقشہ بدل دیا
مشکل صورت حال میں آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شاداب خان نے ذمہ داری سنبھالی اور شاندار اننگز کھیل کر میچ کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے 96 گیندوں پر 113 رنز بنائے، جس میں 13 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
شاداب خان نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی اور آخری وکٹ پر حارث رؤف کے ساتھ اہم شراکت قائم کی۔ دونوں بلے بازوں نے آخری وکٹ کے لیے 89 رنز جوڑے، جس نے پاکستان کی فتح میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ حارث رؤف 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
میچ کے دوران شاداب خان کو 97 رنز کے انفرادی اسکور پر امپائر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا، تاہم ریویو لینے پر فیصلہ تبدیل ہوگیا اور وہ ناٹ آؤٹ قرار پائے۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی سنچری مکمل کی اور پاکستان کو ایک وکٹ سے یادگار فتح دلائی۔
چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے پاکستانی ٹیم کی گلابی کٹ
پاکستانی ٹیم اس میچ میں خواتین میں چھاتی کے سرطان کے حوالے سے آگاہی اجاگر کرنے کے لیے گلابی رنگ کی کٹ پہن کر میدان میں اتری۔ اس اقدام کا مقصد اس بیماری سے متعلق شعور بیدار کرنا اور خواتین کی صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔
شاداب خان کی فیصلہ کن اننگز اور شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ بولنگ نے پاکستان کو اس مقابلے میں کامیابی دلائی، جبکہ آخری وکٹ پر بننے والی شراکت میچ کا سب سے اہم موڑ ثابت ہوئی۔
