راولپنڈی، پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز نے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 5 اور 6 اپریل کی رات، خوارج کے ایک گروہ نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان کی سرحد میں دراندازی کی کوشش کی۔
سکیورٹی فورسز نے فوراً کارروائی کی اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ 4 زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بار بار افغان عبوری حکومت کو اپنی سرحدوں پر موثر انتظامات کرنے کی درخواست کی ہے، اور امید ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، علاقے میں مزید خوارج کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں "خوارج” سے مراد عموماً وہ شدت پسند یا دہشت گرد گروہ ہیں جو اسلامی اصولوں کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن ان کے طریقہ کار اور انتہاپسندی کو اسلامی تعلیمات سے متصادم سمجھا جاتا ہے۔
پاکستانی سیکیورٹی فورسز اور حکومتی حلقوں میں "خوارج” کا لفظ ان شدت پسند گروپوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جو ریاستی اداروں کے خلاف جنگ کرتے ہیں، اسلامی قوانین کو طاقت کے ذریعے نافذ کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہوتے ہیں۔
