کراچی: پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے مالی معاونت کے طور پر 2 ارب ڈالرز کی رقم موصول ہوگئی ہے، جس کی تصدیق اسٹیٹ بینک نے بھی کر دی ہے۔ یہ رقم ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
سعودی حکومت نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھتے ہوئے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالرز کے ڈپازٹ کی یقین دہانی بھی کرائی ہے، جس میں سے ایک بڑی رقم پہلے ہی فراہم کی جا چکی ہے جبکہ باقی رقم بھی جلد موصول ہونے کی توقع ہے۔
اس سے قبل وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے عندیہ دیا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے مالی مدد اگلے ہفتے تک فراہم کر دی جائے گی، جو اب عملی شکل اختیار کر رہی ہے۔
پاکستان کو سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر کی مالی معاونت جلد ملنے کا امکان
وزیر خزانہ نے مزید بتایا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے دیے گئے 5 ارب ڈالرز کے ڈپازٹ کو سالانہ بنیادوں پر رول اوور کرنے کے بجائے اس کی مدت میں توسیع کی جائے گی، جس کے تحت اب یہ رقم 2028 تک برقرار رہے گی۔ یہ پیش رفت پاکستان کی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔
