خواتین کا بااختیار ہونا پنجاب کی ترقی کی ضمانت ہے، ترقی کا سفر نہیں رکے گا: مریم نواز

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی کا عمل پوری رفتار سے جاری ہے اور اسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پنجاب ہر شعبے میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہے۔

latest urdu news

ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تربیت مکمل کرنے والی نوجوان خواتین کو دیکھ کر فخر محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے 40 ہفتوں کی سخت ٹریننگ کامیابی سے مکمل کرنے والی پولیس افسران اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اپنی بیٹیوں پر اعتماد کرنے والے خاندان قابلِ تحسین ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ آج خواتین نہ صرف پولیس بلکہ مختلف قومی اداروں میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات، جیسے الیکٹرک سکوٹیز اور روزگار کے نئے مواقع، خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پولیس کی وردی صرف ایک لباس نہیں بلکہ عوامی خدمت اور ذمہ داری کی علامت ہے۔ انہوں نے نئی پولیس افسران پر زور دیا کہ وہ ایمانداری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔

مریم نواز کا مخالف جماعتوں کو مشورہ، دھاندلی کا الزام لگانے کے بجائے عوامی فیصلہ تسلیم کریں

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے اور حکومت صوبے کو خصوصاً خواتین اور بچیوں کے لیے مزید محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر گلی، محلے اور شہر میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مریم نواز نے انسپکٹر جنرل پنجاب کو ہدایت کی کہ خواتین کی پولیس میں بھرتی کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بڑی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، جس کے مثبت نتائج مستقبل میں سامنے آئیں گے۔

تقریب سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا، جبکہ لیڈی پولیس افسران نے شاندار مارچ پاسٹ اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter