کراچی عمارت حادثہ: ڈی جی ایس بی سی اے سمیت اہم افسران عہدوں سے ہٹا دیے گئے، 16 افسران معطل

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات اور ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا، جبکہ متعلقہ محکمے کے 16 افسران کو بھی معطل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

latest urdu news

وزیراعلیٰ سندھ کا اعلیٰ سطحی اجلاس

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں حادثے کے اسباب اور ذمہ داروں کے تعین کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے سیکرٹری بلدیات اور ڈی جی ایس بی سی اے وسیم شمشاد کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا۔ ترجمان کے مطابق وفاقی حکومت کو بھی وسیم شمشاد کی معطلی اور انکوائری کی سفارش کی گئی ہے۔

16 افسران معطل، پولیس حکام بھی تبدیل

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ 16 افسران کو معطل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے۔

کراچی: ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر 6 منزلہ عمارت منہدم، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی

عمارت کے مالک اور بلڈر کی گرفتاری کی ہدایت

وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت کے مالک اور بلڈر کو گرفتار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عمارت کے آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی تفتیش میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔

اجلاس میں مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کے واقعے پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ انکوائری کے بعد اگر بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا کوئی ملازم ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے ذریعے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے تاکہ غفلت یا خلاف ورزی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

ماخذ: جیو نیوز

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں