کراچی: ایڈمن سوسائٹی میں زیر تعمیر 6 منزلہ عمارت منہدم، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک 4 میں زیر تعمیر 6 منزلہ عمارت کی بالائی منزلیں گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے لاش اور زخمیوں کو نکال لیا جبکہ مزید افراد کے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

latest urdu news

عمارت گرنے سے پہلے ہلنا شروع ہوگئی تھی

ریسکیو حکام کے مطابق ایڈمن سوسائٹی بلاک 4 میں واقع زیر تعمیر عمارت اچانک منہدم ہوگئی۔ عمارت کے گرنے سے پہلے اس میں لرزش محسوس کی گئی تھی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائی شروع کردی۔ حکام کے مطابق اب تک ایک شخص کی لاش اور 10 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے۔

زخمیوں میں بعض افراد کی شناخت نادر حسین، شوکت علی اور احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے، جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

ملبہ ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری طلب

ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کے لیے ہیوی مشینری طلب کرلی گئی ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق عمارت میں تعمیراتی کام اور فنشنگ کا عمل جاری تھا اور وہاں کوئی رہائش پذیر نہیں تھا۔ تاہم حادثے کے وقت عمارت میں موجود افراد کی حتمی تعداد کے بارے میں معلومات سامنے نہیں آئیں۔

کراچی میں عمارت کا حصہ گرنے سے ایک شخص جاں بحق، 4 زخمی

ایس بی سی اے کا غیر قانونی تعمیرات کا انکشاف

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے مطابق ایڈمن سوسائٹی بلاک 4 میں گرنے والی عمارت 600 گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی تھی۔

اتھارٹی کے مطابق متعلقہ پلاٹ پر گراؤنڈ پلس فائیو منزلہ عمارت کی تعمیر کی اجازت تھی، تاہم رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر کمرشل نوعیت کی تعمیرات بھی کی گئی تھیں۔

ایس بی سی اے کے مطابق عمارت میں مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر فلیٹ نما رہائشی پورشنز تعمیر کیے جا رہے تھے۔ واقعے کے بعد اتھارٹی کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔

عمارت کے انہدام کی اصل وجوہات اور تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزیوں سے متعلق مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا شہری کی ہلاکت پر اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں عمارت گرنے کے واقعے میں ایک شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کرتے ہوئے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ماخذ: جیو نیوز اردو، ریسکیو حکام اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں