پشاور میں یوم تشکر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 12 سال سے نااہل حکومتی قیادت ہے،انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کیا گیااور پورے خیبرپختونخوا میں اس اقدام پر اظہار تشکر کیا جا رہا ہے، وزیراعظم کی بہترین کارکردگی پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیےاور بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کے لیے عید کا تحفہ ہے۔
وفاقی وزیر نےکہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اچھائی اور برائی میں فرق محسوس کرتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے موٹروے سے لے کر معاشی اصلاحات تک اہم اقدامات کیے اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔
امیر مقام نے وزیراعظم شہباز شریف کی محنت کو سراہا اور کہا کہ انہیں مشکلات کے باوجود ذمہ داری دی گئی اور ن لیگ کی ٹیم ورک نے ملک کو بحرانوں سے نکالا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا منشور تھا کہ 2026 تک مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ پر لایا جائے گا اور1 سال میں مہنگائی کی شرح کو 38 فیصد سے کم کر کے سنگل ڈیجٹ میں لایا گیا ہےجبکہ شرح سود بھی 22 فیصد سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ گئی ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت ناکام اور نااہل ہےاور ان کے ترقیاتی منصوبوں میں نواز شریف کا نام ہے،انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب تک حکومت کی کوئی ٹھوس پالیسی نہیں ہوگی، بجٹ سرپلس ہی رہیں گے۔
آخر میں امیر مقام نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے موازنہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے اور آرمی چیف نے ملک کی معیشت اور مسائل کو حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لی ہے۔
