اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔
وزیراعظم نے تحریک انصاف سے مذاکرات کے لیے حکومتی اتحاد پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیتے ہوتے ممبران کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان کی تشکیل کردہ کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ خان اورسینیٹر عرفان صدیقی کے نام شامل ہیں۔
علاوہ ازیں راجہ پرویز اشرف، نویدقمر، خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
حکام کا بتانا ہے کہ وزیراعظم نے حکومتی اتحاد کی کمیٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر بنائی اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ مذاکرات میں ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کی کاوش کو سراہتا ہوں۔
گزشتہ رات چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی، بیرسٹر گوہر نے تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر زور دیا تھا۔
یاد رہے پی ٹی آئی اور حکومتی اتحاد کے درمیان مذاکرات کی باتیں گزشتہ کافی دنوں سے جاری ہے مگر باضابطہ مذاکرات کا آغاز اب تک نہیں ہو سکا تھا جبکہ عمران خان نے چند دن قبل پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے بھی حکومت کی جانب سے مذاکرات کی سنجیدہ کوشش نا ہونے کی صورت میں آج سے سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز کرنے کا اعلان کیا تھا۔
