کوئٹہ،بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں صوبے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں عید سکیورٹی پلان، قومی شاہراہوں کی صورتحال اور مجموعی امن و امان پر غور کیا گیا جبکہ قلات میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کو سراہا گیا۔
شرکاء نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے اور ان میں وسعت دینے پر اتفاق کیا، جبکہ سول آرمڈ فورسز کی صلاحیت میں اضافے کے لیے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی اور تمام سکیورٹی اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری پر زور دیا تاکہ آپریشنز کے نتائج مزید بہتر بنائے جا سکیں۔
