خیبرپختونخوا کابینہ نے احساس نوجوان پروگرام کے لیے 5 ارب روپے کی منظوری دے دی ، پروگرام کا حجم 3 سے بڑھا کر 5 ارب روپے کر دیا گیا۔
ضم اضلاع کے ماڈل اسکولوں کے لیے 18 کروڑ 87 لاکھ روپے اور چترال کے لینگ لینڈ اسکول اینڈ کالج کے لیے 6 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔
کابینہ نے اسکول سے باہر بچوں کے لیے مختلف محکموں کے درمیان مفاہمتی یادداشت ، خیبر پختونخوا اساتذہ تقرری اور خدمات کی مستقلی بل 2026 کی منظوری دے دی ، قانون سازی کے بعد رہ جانے والے عارضی اساتذہ کی خدمات مستقل کی جائیں گی۔
علاوہ ازیں کابینہ اجلاس فاٹا اور پاٹا میں سروس فراہم کنندگان کو سروسز سیلز ٹیکس سے استثنیٰ دینے کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیر اطلاعات شفیع جان نے بتایا کہ کابینہ نے 21 مستحق مریضوں کے لیے مالی معاونت کی منظوری دی جبکہ خیبر پختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی بل 2026 منظور کر لیا گیا۔ قانون بننے کے بعد پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لیے خودمختار اتھارٹی قائم ہو گی۔
شفیع جان نے کہا کہ کابینہ نے خیبر پختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم کمپنی کے سی ای او کی تقرری، 114 ہاؤس جاب سلاٹس کے قیام اور ہاؤس افسران اور ٹرینی میڈیکل افسران کے وظائف میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دی۔
پیٹرول مہنگا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے موٹرسائیکل سواروں کو 2200 روپے سبسڈی دینے کا اعلان
شفیع جان کا کہنا تھا کہ باجوڑ میں دہشتگردی سے متاثرہ افراد کے ورثا کو ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کو 25 لاکھ روپے معاوضہ ملے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمومی معاوضہ پیکج میں جاں بحق افراد کے ورثا کا معاوضہ 50 لاکھ اور شدید زخمیوں کا معاوضہ 15 لاکھ روپے کر دیا گیا۔
