ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی صورتحال اور عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ناروے کے وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں ، ناروے کے وزیرخارجہ ایسپن بارتھ ایڈ سے خوشگوار ملاقات ہوئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ناروے پاکستان کے ساتھ رابطے میں تھا، ناروے کا حساس صورتحال میں رابطےمیں رہنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران امریکا کشیدگی کے دوران بھی ناروے پاکستان کے ساتھ رابطے میں رہا، ناروے اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرُعزم ہیں، پاکستان اور ناروے کے درمیان 78 سالہ شراکت داری موجود ہے، ناروے کے ساتھ قریبی اورمضبوط تعلقات کوآگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
اس موقع پر ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ نے کہا کہ ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود ہے، ناروے کی کمپنیاں پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
اسحاق ڈار کا واشنگٹن دورہ، امریکی وزیر خارجہ سے اہم ملاقات طے
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خطے اور عالمی امن کے لیے بہترین کردار ادا کیا، امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی عالمی امن اور معیشت کے لیے نقصان دہ ہے، پاکستانی قیادت نے مشکل وقت میں جراتمندانہ کردار ادا کیا۔
ایسپن بارتھ ایڈ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کردارقابل تعریف ہے، امن کی کاوشوں سے عالمی سطح پر پاکستان کو پذیرائی ملی۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ناروے کی میری ٹائم اتھارٹی نے پاکستان کو ٹریننگ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، پاکستان ناروے کی میری ٹائم اتھارٹی کا شکریہ ادا کرتا ہے۔
ناروے کے وزیر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ناروے اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد جاری رکھیں گے۔
