گجرات: وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ گجرات عوامی فلاح و تحفظ کے لیے متحرک ہو چکی ہے۔ ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر نے شہر میں دو اہم کارروائیاں کیں۔
پہلی کارروائی میں غیر قانونی طور پر گیس سلنڈرز بھرنے والی دکان کو سیل کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے خطرناک اور غیر قانونی ریفلنگ بند کروائی۔ بلال زبیر نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو دیں۔
دوسری کارروائی میں اسسٹنٹ کمشنر نے شہر کے مختلف شادی ہالز کا معائنہ کیا تاکہ ون ڈش پالیسی پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جا سکے۔ دوران معائنہ ایک شادی ہال میں پالیسی کی خلاف ورزی پائی گئی جس پر فوری جرمانہ عائد کیا گیا اور انتباہ جاری کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ ون ڈش پالیسی کا مقصد معاشرتی سادگی کو فروغ دینا اور متوسط طبقے پر مالی بوجھ کم کرنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے واضح کیا کہ عوامی مفاد میں بنائے گئے قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔