وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر چاروں شہدا کی میتیں وصول کیں۔
بلوچستان کے علاقے بولان میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے جعفر ایکسپریس کے 4 شہدا کے جسد خاکی اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا دیے گئے۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ایئرپورٹ پر شہدا کی میتیں وصول کیں، جہاں شہدا کے اہل خانہ اور قریبی عزیز بھی موجود تھے۔
شہید ہونے والوں میں محمد ممتاز (مانسہرہ)، نوزے علی (ضلع گانچھے، گلگت بلتستان)، محمد عثمان (اٹک) اور امتیاز (سیالکوٹ) شامل ہیں۔ محمد ممتاز ریلوے میں ملازم تھے، جبکہ باقی شہدا بھی جعفر ایکسپریس میں سفر کر رہے تھے جب دہشت گردوں نے حملہ کیا اور انہیں یرغمال بنا لیا۔
حکام کے مطابق، ان چاروں افراد سمیت 17 بے گناہ مسافروں کو دہشت گردوں نے سفاکی سے شہید کیا۔ ایئرپورٹ پر شہدا کے اہل خانہ غم سے نڈھال نظر آئے، جبکہ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے ان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف اور پوری قوم شہدا کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
بعد ازاں، شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیے گئے، جہاں کل ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔