عازمین حج کو گھر بیٹھے پیکج، دورانیہ اور رہائش میں ترمیم کی سہولت فراہم کردی گئی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاک حج ایپ پر نئی سہولیات متعارف، رہائش کے انتخاب، درخواست کی منسوخی اور رقم واپسی سمیت مختلف امور گھر بیٹھے انجام دیے جاسکیں گے

latest urdu news

اسلام آباد: عازمین حج کی سہولت کے لیے وزارت مذہبی امور کی جانب سے پاک حج ایپ پر متعدد نئے فیچرز متعارف کرا دیے گئے ہیں، جن کے ذریعے حج سے متعلق مختلف اہم امور اب گھر بیٹھے انجام دیے جاسکیں گے۔

اعلامیے کے مطابق عازمین کو اپنے حج پیکج، دورانیے اور رہائش میں ترمیم کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ اس کے تحت عازمین حج اپنی ضرورت کے مطابق رہائش کی مختلف اقسام میں سے انتخاب بھی کر سکیں گے۔

رہائش اور حج پیکج میں تبدیلی کی سہولت

نئی سہولت کے تحت عازمین حج اب ٹو بیڈ، تھری بیڈ، فیملی روم یا شیئرنگ رہائش میں سے اپنی پسند کا انتخاب گھر بیٹھے کر سکیں گے۔

اسی طرح لانگ حج پیکج کو شارٹ حج پیکج جبکہ شارٹ حج کو لانگ حج پیکج میں تبدیل کرنے کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔ اس اقدام سے عازمین کو اپنی ضروریات اور حالات کے مطابق حج پیکج منتخب کرنے میں آسانی ہوگی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج انتظامات سے متعلق متعدد دیگر سہولیات بھی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے عازمین کو گھر بیٹھے فراہم کی جا رہی ہیں۔

میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کی تصدیق لازمی

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاک حج ایپ کے ذریعے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا پرنٹ حاصل کرکے مجاز ڈاکٹر سے اس کی تصدیق کرانے کا عمل جاری ہے۔

فٹنس سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے بعد اسے پاک حج ایپ یا حج پورٹل پر دوبارہ اپ لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اپنے قریبی مجاز ڈاکٹر سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرکے اسے ایپ پر اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔

وزارت کے مطابق اس عمل کا مقصد عازمین حج کی طبی فٹنس سے متعلق ضروری کارروائی مکمل کرنا ہے تاکہ حج کے انتظامات میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج اسکیم کی بکنگ کوٹہ مکمل ہونے تک جاری

محرم یا ہیلپر کی درخواست دینے کی سہولت

کامیاب عازمین حج کے لیے ہارڈشپ کوٹے کے تحت اپنے محرم یا ہیلپر کی درخواست دینے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ اگر کسی عازم کو کسی مجبوری کے باعث حج کی درخواست منسوخ کرنا پڑے تو پاک حج ایپ میں درخواست کی منسوخی اور رقم واپسی کا فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

یوں حج سے متعلق کئی اہم مراحل کے لیے عازمین کو دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے آن لائن سہولیات سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل رہا ہے۔

پرائیویٹ حج بکنگ کے حوالے سے اہم ہدایت

اعلامیے کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج اسکیم کی بکنگ بھی جاری ہے۔ وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ حج پورٹل سے باہر پرائیویٹ حج کی بکنگ یا ادائیگی کی اجازت نہیں ہے۔

وزارت کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت اب تک 26 ہزار درخواستیں مکمل کی جا چکی ہیں، جبکہ اس اسکیم میں 45 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔

وزارت مذہبی امور نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ حج سے متعلق درخواست، ادائیگی اور دیگر معاملات میں صرف متعلقہ سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارم استعمال کریں تاکہ کسی ممکنہ دھوکے یا غیر مجاز بکنگ سے محفوظ رہا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter