امریکا میں طاقتور سمندری طوفان ساحل سے ٹکرا گیا، نیویارک اور نیوجرسی میں ایمرجنسی نافذ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

شدید بارش اور طوفانی ہواؤں سے سیلابی صورتحال، ایک لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم، 445 پروازیں منسوخ اور 3 ہزار سے زائد تاخیر کا شکار

latest urdu news

واشنگٹن: امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں طاقتور سمندری طوفان نار ایسٹر کے ٹکرانے کے بعد شدید بارش، تیز ہواؤں اور سیلاب نے معمولات زندگی متاثر کر دیے ہیں، جبکہ نیویارک اور نیوجرسی کی متاثرہ کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق نار ایسٹر کے باعث مشرقی ساحلی ریاستوں میں موسم انتہائی خراب ہوگیا ہے۔ ساحلی علاقوں میں طوفانی ہواؤں کے جھکڑ چل رہے ہیں جبکہ مسلسل بارش کے نتیجے میں متعدد رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے۔

تیز ہواؤں اور شدید بارش سے شہری مشکلات کا شکار

رپورٹس کے مطابق متاثرہ ساحلی علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث کئی مقامات پر درخت گر گئے اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

شدید بارش کے بعد بعض علاقوں میں گاڑیاں کئی فٹ گہرے پانی میں ڈوبی ہوئی دکھائی دیں، جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خراب موسم کے باعث بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔ متاثرہ مشرقی ساحلی ریاستوں میں ایک لاکھ سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہوگئے، جس کے بعد بجلی کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

فلپائن میں سمندری طوفان نے تبادہی مچا دی ، 100 افراد جاں بحق

پروازوں کا شیڈول بھی شدید متاثر

طوفانی موسم کے اثرات فضائی سفر پر بھی پڑے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق خراب موسم کے باعث امریکا میں 445 پروازیں منسوخ جبکہ 3 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ایئرپورٹس پر مسافروں کو پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی اور تاخیر کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ حکام نے شہریوں کو سفر سے قبل اپنی پرواز کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نیویارک اور نیوجرسی میں ایمرجنسی نافذ

طوفان کے باعث نیویارک اور نیوجرسی کی متاثرہ کاؤنٹیز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ مقامی حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

حکام کے مطابق سیلابی پانی اور تیز ہواؤں کے باعث سڑکوں پر سفر خطرناک ہوسکتا ہے، اس لیے شہری صرف ضرورت کے تحت گھروں سے باہر نکلیں۔

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی اٹلانٹک اور نیو انگلینڈ کے علاقوں میں تیز ہواؤں، شدید بارش اور سیلاب کی صورتحال پیر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران مزید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث صورتحال میں مزید مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter