سعودی عرب نے عالمی تیل مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے دوران ایشیائی خریداروں کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جسے خطے کی توانائی مارکیٹ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق سرکاری تیل کمپنی آرامکو آئندہ ماہ ایشیا کے لیے اپنے عرب لائٹ خام تیل کی سرکاری فروخت قیمت میں 1.10 ڈالر فی بیرل کمی کرے گی۔ اس فیصلے کے بعد یہ خام تیل علاقائی معیار کے مقابلے میں 1.50 ڈالر فی بیرل رعایت پر دستیاب ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق یہ کمی مارکیٹ کی توقعات سے بھی زیادہ ہے۔ بلومبرگ کے سروے میں ماہرین نے تقریباً 80 سینٹ فی بیرل کمی کی پیش گوئی کی تھی، تاہم آرامکو نے اس سے کہیں زیادہ رعایت دینے کا فیصلہ کیا۔
اوپیک پلس کے پیداواری فیصلے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل سستا
توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ کمی ایشیائی منڈیوں میں طلب کو برقرار رکھنے، عالمی سپلائی میں اضافے اور حالیہ مارکیٹ رجحانات کے تناظر میں کی گئی ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام کے اثرات عالمی خام تیل کی تجارت اور درآمدی ممالک کی توانائی لاگت پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
